کراچی: (دنیا نیوز) آئندہ دو ماہ کے لئے مانیٹری پالیسی کا اعلان آج کیا جا رہا ہے، شرح سود میں 1 فیصد تک اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقرآئندہ دو ماہ کے لئے مانیٹری پالیسی کا اعلان آج کر رہے ہیں، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں ہونے والے حالیہ اضافے اور روپے کی گرتی قدر کے باعث آئندہ آنے والے دنوں میں مہنگائی کا نیا طوفان آنے کو تیار ہے جس کی پیش گوئی عالمی مالیاتی ادارہ آئی ایم ایف بھی کرچکا ہے، ماہرین توقع کررہے ہیں کہ سٹیٹ بینک موجودہ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے شرح سود میں اضافہ کرسکتا ہے۔
اس حوالے سے دنیا نیوز نے ماہر معاشیات اور مالیاتی اداروں کے مختلف افراد سے رابطہ کیا کیا، زیادہ تر کے مطابق شرح سود میں آدھا سے 1 فیصد تک اضافہ ہوسکتا ہے۔
اس وقت بنیادی شرح سود 12.25 فیصد ہے اور مئی 2018 سے اب تک شرح سود میں 5.75 فیصد کا اضافہ ہوچکا ہے، دوسری جانب جون 2019 میں مہنگائی کی شرح 8.9 فیصد رہی ہے۔