کراچی: (دنیا نیوز) سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے آئندہ دو ماہ کیلئے شرح سود میں ایک فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔ مہنگائی کی شرح 11 سے 12 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
آئندہ دو ماہ کیلئے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر کا کہنا تھا کہ آئندہ دو ماہ کیلئے شرح سود میں ایک فیصد اضافے کا فیصلہ کرتے ہوئے بنیادی شرح سود 13 اعشاریہ 25 فیصد کر دیا گیا ہے، اس اضافے کی وجہ بجٹ میں ٹیکس اقدامات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی شرح 11 سے 12 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ رواں مالی سال کے آخری چھ ماہ میں مہنگائی میں کمی آئے گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بنیادی شرح سود 12 اعشاریہ 25 فیصد تھی اور مئی 2018ء سے اب تک شرح سود میں پانچ اعشاریہ پچھتر فیصد کا اضافہ ہو چکا ہے۔ دوسری جانب جون 2019ء میں مہنگائی کی شرح 8 اعشاریہ 9 فیصد رہی ہے۔