اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ ملک میں بجلی کی پیدوار، ترسیل اور ڈسٹری بیوشن میں 80 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، متبادل ذرائع سے استفادہ کرنے کے لئے نئی پالیسی تیار کر لی، عوام کو سستی بجلی کی فراہمی ترجیح ہے۔
نیپرا میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرنے کہا کہ انرجی مکس کا 60 فیصد انحصار درآمدی ایندھن پر ہے، متبادل ذرائع سے استفادہ کرنے کے لئے نئی پالیسی تیار کر لی ہے۔ عوام کو آئندہ سالوں میں سستی بجلی فراہم کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے وزارت کے افسران کا احتساب بھی کیا جا رہا ہے، وزیر توانائی کا مزید کہنا تھا کہ متبادل ذرائع سے استفادہ کرنے کے لئے نئی پالیسی تیار کرلی ہے۔ حکومت تھر کوئلے سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرے گی جبکہ ایٹمی وسائل کا انرجی مکس میں حصہ بڑھانے کےلئے بھی اقدامات کر رہے ہیں۔
عمرایوب نے کہا کہ پیداواری شعبے کی بہتری سے عوام کے معیار زندگی میں بہتری آئے گی، انہوں نے کہا کہ سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کی ترقی کے لئے انتہائی اہم ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیریوں پر ظلم وستم کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، اس موقع پر چئرمین نیپرا توصیف نے کہا کہ نیپرا کا کام تمام شراکت داروں کو ساتھ ملا کر چلانا ہے، یقین دلاتا ہوں کہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کا تحفظ کیا جائے گا۔