لاہور: (روزنامہ دنیا) قائداعظم ٹرافی میں سندھ نے پہلی اننگز پانچ وکٹوں، 473 رنز اور خیبرپختوانخوا نے نو کھلاڑی آؤٹ کے ساتھ پہلی اننگز ڈکلیئر کر دی۔ سدرن پنجاب کی ٹیم 467 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس کراچی میں ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کے دوسرے روز سندھ نے 237 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر پہلی اننگز دوبارہ شروع کی تو عابد علی بلوچستان کی باؤلنگ کے سامنے ڈٹ گئے، انہوں نے ناقابل شکست 249 رنز کی اننگز کھیلی۔
جواب میں بلوچستان نے دوسرے دن کے اختتام تک بغیر نقصان 16 رنز بنالئے تھے، امام الحق 9 اور عظیم گھمن چھ رنز پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ ایبٹ آباد کرکٹ سٹیڈیم میں ناردرن ایریاز کے خلاف خیبرپختوانخوا نے مزید 183 رنز جوڑ کر 526 رنز نو کھلاڑی آؤٹ کے ساتھ پہلی اننگز ڈکلیئر کر دی۔
کپتان محمد رضوان نے 176 رنز کی شاندار اننگز تراشی۔ جواب میں ناردرن ریجن نے دوسرے روز تک ایک وکٹ پر 109 رنز بنا لئے تھے۔ حیدر علی اور عمر امین بالترتیب 56 اور 20 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں سدرن پنجاب کی ٹیم 467 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، گزشتہ روز سدرن پنجاب نے پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز 291 رنز چار کھلاڑی آؤٹ کے ساتھ کیا۔ سمیع اسلم نے 410 گیندوں پر 243 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 29 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ یاد رہے کہ سمیع اسلم قذافی سٹیڈیم پر فرسٹ کلاس کرکٹ میچ میں بیٹ کیری کرنے والے 12ویں کھلاڑی بن گئے ہیں، جواب میں سنٹرل پنجاب نے 47 رنز بنا لئے۔