سٹاک مارکیٹ: 447 پوائنٹس کی تیزی، 34400 کی نفسیاتی حد بھی بحال

Last Updated On 11 October,2019 05:00 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز ایک مرتبہ پھر زبردست تیزی دیکھی گئی، حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 447.99 پوائنٹس بڑھ گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں دو ہفتوں کے دوران زبردست کاروبار ہوا، گزشتہ ہفتے کے پہلے روز 8 پوائنٹس، دوسرے روز 175.47، تیسرے روز 109.03، چوتھے روز 389 جبکہ پانچویں روز 281 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی تھی۔

اسی کا تسلسل رواں ہفتے بھی دیکھا گیا، پہلے روز 603 پوائنٹس کی تیزی رہی، دوسرے روز مارکیٹ کا 100 انڈیکس 160.20 پوائنٹس گرا، تیسرے روز ایک مرتبہ پھر 47.12 پوائنٹس کی بڑھوتری دیکھی گئی، چوتھے روز انڈیکس 503 پوائنٹس بڑھ گیا۔ آج کاروباری آخری روز 100 انڈیکس 447.99 پوائنٹس بڑھ گیا۔

سٹاک مارکیٹ میں تیزی کے باعث 34 ہزار 400 کی حد بحال ہو گئی، تیزی کے باعث انڈیکس 34475.69 پوائنٹس کی سطح پر جا کر بند ہوا۔پورے کاروباری روز 1.3 فیصد کا کاروبار ریکارڈ کیا گیا۔

ایک موقع پر انڈیکس 34600 کی حد بھی بحال کرتے ہوئے 34689.30 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا تھا، اس دوران مارکیٹ میں وقتی طور پر گراوٹ دیکھی گئی اور انڈیکس 34027.70 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا تھا۔ تاہم کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 34475.69 پر بند ہوا۔

یاد رہے کہ تاجروں کی وزیراعظم عمران خان اور پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کیساتھ ملاقات کے بعد انویسٹرز کی طرف سے مارکیٹ میں زبردست سرمایہ کاری کی جا رہی ہے جس کے اثرات سامنے آ رہے ہیں، صرف دو ہفتے کے دوران مارکیٹ کا 100 انڈیکس میں تقریباً 2500 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔