اوپن مارکیٹ اور انٹر بینک میں امریکی ڈالر مزید سستا

Last Updated On 11 October,2019 04:56 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں روپیہ مضبوط ہوا اور امریکی ڈالر کی قدر میں تنزلی دیکھی گئی۔

دنیا نیوز کے مطابق ملک بھر میں مسلسل روپیہ بہتری کی جانب گامزن ہے، چند روز میں ملکی روپیہ امریکی کرنسی کے مقابلے میں مضبوط ہو رہا ہے، آج کاروباری آخری روز بھی اوپن مارکیٹ میں ڈالر 10 پیسے سستا ہوا جس کے بعد مارکیٹ میں امریکی کرنسی 156 روپے 30 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

دوسری طرف اوپن مارکیٹ کی طرح انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں گراوٹ دیکھی گئی، انٹر بینک میں امریکی کرنسی 8 پیسے سستی ہوئی، جس کے بعد روپے کے مقابلے میں ایک امریکی ڈالر 156 روپے 6 پیسے کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں کمی پاکستانی معیشیت کیلئے اچھا شگون ہے تاہم ملکی معاشی صورتحال تب بہتر ہو گی جب صنعتی پہیہ چلے گا اور برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔
 

Advertisement