لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں کاروباری ہفتے کے آخری روز اوپن مارکیٹ اور انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
دنیا نیوز کے مطابق رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر 30 پیسے بڑھی جس کے بعد روپے کے مقابلے میں ایک امریکی کرنسی 156 روپے 70 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔
دوسری طرف اوپن مارکیٹ کی طرح انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 18 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے بعد روپے کے مقابلے میں ایک امریکی ڈالر 156 روپے 53 پیسے پر بند ہوا۔
معاشی ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں اتار چڑھاو کے سبب ڈالر کے مقابلے روپے کے ریٹ میں کمی بیشی کا امکان ہے، حکومت کو معاشی پالیسیوں پر مستقل عملدرآمد یقینی بنانی چاہئے تاکہ تاجروں اور حکومت کےمابین موجود بے اعتمادی کی فضا کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔