سٹاک ایکسچینج میں 197 پوائنٹس کی تیزی، ڈالر کے مقابلے روپیہ کی قدر میں 5 پیسے اضافہ

Last Updated On 16 October,2019 04:52 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 197 پوائنٹس کی تیزی جبکہ ڈالر کے مقابلے روپیہ کی قدر میں 5 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

 

کاروباری دن کے تیسرے روز مارکیٹ میں تیزی دیکھنے میں آئی۔ دوران ٹریڈنگ ایک وقت میں انڈیکس 300 پوائنٹس سے زائد بڑھ گیا جبکہ اختتام پر مارکیٹ 197 پوائنٹس کے اضافے سے 34 ہزار 281 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوئی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اس وقت کئی کمپنیوں کے شیئرز کی مالیت کافی حد تک گر چکی ہے۔ اگر ایف اے ٹی ایف کی جانب سے کوئی اچھی خبر آئی تو سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آ سکتی ہے۔

دوسری جانب ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ انٹربینک میں ڈالر 5 پیسے کمی کے بعد 156 روپے 1 پیسے پر بند جبکہ اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی 5 پیسے کمی کے بعد 156 روپے 15 پیسے پر فروخت ہوئی۔