کراچی: (دنیا نیوز) ایک ہفتے کے دوران سٹاک مارکیٹ میں 1361 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 20 پیسے مہنگا ہوگیا۔
کاروباری ہفتے کے دوران پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مجموعی طور پر تیزی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث مارکیٹ 9 ماہ کی بلند ترین سطح 39 پزار 287 پوائنٹس کی سطح پر بند ہونے میں کامیاب رہی۔
ایک ہفتے کے دوران 100 انڈیکس میں 4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور حصص کی مالیت 264 ارب روپے بڑھ گئی جبکہ بیرونی سرمایہ کاروں نے 80 لاکھ ڈالر مالیت کے حصص فروخت کیے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اس وقت سٹاک مارکیٹ میں رجسٹرڈ کئی کمنپیوں کے حصص کی مالیت کافی کم ہے، اگر سیاسی اور معاشی استحکام رہا تو مستقبل میں مارکیٹ بلندیوں کے نئے ریکارڈ بھی بناسکتی ہے۔
دوسری جانب ایک ہفتے کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر 20 پیسے اضافے سے 155 روپے 60 پیسے میں فروخت ہوا جبکہ انٹربینک میں ڈالر 4 پیسے کمی کے بعد 155 روپے 23 پیسے پر بند ہوا۔