فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے 70 فیصد سے زائد ملازمین اور افسران ایف بی آر کے نان فائلر نکلے۔ ملازمین کی بے نامی جائیدادیں سامنے آنے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
فیصل آباد کے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے 70فیصد سے زائد افسران اور ملازمین ایف بی آر کے نان فائلر نکلے جبکہ ذرائع کے مطابق ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ملازمین کی کروڑوں روپے مالیت کی بے نامی جائیدادیں سامنے آنے کا بھی انکشاف ہوا ہے جس پر ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن احمد سعید کا کہنا ہے کہ نان نائلرز اور بے نامی جائیدادوں کے معاملات میں ملوث ملازمین کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایف بی آر حکام کی جانب سے ٹیکس گوشوارے جمع کروانے اور ٹیکس نیٹ میں آنے کیلئے ایکسائز حکام کو متعدد بار نوٹسز تو جاری کئے گئے مگر کوئی عمل درآمد نہ ہوا۔ معاملے پر ایڈیشنل کمشنر ایف بی آر آصف رفیق کہتے ہیں کہ مقررہ تاریخ تک گوشوارے جمع نہ کروانے والوں کے خلاف کارروائی کے ساتھ ساتھ انہیں جرمانے بھی کئے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایکسائز افسران اور ملازمین اپنے اثاثے چھپانے اور احتساب سے بچنے کیلئے فائلر بننے سے گریزاں ہیں۔