سٹاک مارکیٹ میں مندی، حصص کی مالیت میں 45 ارب سے زائد کی کمی

Last Updated On 09 December,2019 04:38 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان سٹاک مارکیٹ کا آغاز تنزلی سے ہوا، حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 289 پوائنٹس گر گیا جس کے باعث حصص کی مالیت میں 45 ارب روپے سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز مندی دیکھی گئی، مندی کے باعث حصص مارکیٹ کی 3 حدیں گر گئیں، گرنے والی حدوں میں 40700، 40600، 40500 کی حدیں شامل ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخری کاروباری روز 91.15 پوائنٹس تیزی دیکھی گئی تھی جس کے بعد انڈیکس 40732.25 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔ کاروبار کے دوران 26 کروڑ شیئرز کا کاروبار ہوا تھا۔

آج صبح ٹریڈنگ کے دوران کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا، ایک موقع پر 100 انڈیکس 40916.39 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا، تاہم اس دوران انویسٹرز کی طرف سے شیئرز فروخت کر کے منافع کمانے کو ترجیح دی گئی۔ جس کے باعث تیزی میں جانے والی مارکیٹ میں بڑی تنزلی دیکھی گئی اور انڈیکس 40314.94 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ 289.85 پوائنٹس کی کمی کے بعد 40442.80 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، کاروبار میں 0.72 فیصد گراوٹ دیکھی گئی جبکہ حصص کی مالیت میں 45 ارب روپے سے زائد کی کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔