پنجاب بھر میں یکم جنوری 2020سے گاڑیوں کی ملکیت منتقلی کا نیا نظام

Last Updated On 22 December,2019 09:21 am

روالپنڈی: (روزنامہ دنیا) نظام کے نفاذ کی تیاریاں ، اطلاق کے بعد بائیو میٹرک کے بغیر ملکیت منتقلی ممکن نہیں ہو سکے گی

محکمہ ایکسائز نے پنجاب بھر میں 31دسمبر سے اوپن ٹرانسفر پالیسی ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے یکم جنوری2020سے گاڑیوں کی ملکیت منتقلی کا نیا نظام لاگو کرنے کا اعلان کردیا ۔محکمہ ایکسائز پنجاب کے ذرائع کے مطابق بائیو میٹرک نظام کے نفاذ کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ،مطلوبہ بائیو میٹرک مشینوں کی خریداری اور ان کو آن لائن نظام سے منسلک کرنے کے دیگر انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے جس کے اطلاق کے بعد فروخت کنندہ اور خریدار دونوں کی بائیو میٹرک کے بغیر ملکیت منتقلی ممکن نہیں ہو سکے گی ۔گاڑی ٹرانسفر کے حوالے سے بائیو میٹرک تصدیقی عمل پر عملدر آمد کیلئے گزشتہ کافی عرصہ سے اقدامات جاری تھے جن کا بنیادی مقصد گاڑیوں کی ملکیت کے انتقال میں ہر قسم کی جعلسازی کا خاتمہ تھا ۔اس ضمن میں اوپن ٹرانسفر لیٹر کی حامل گاڑیوں کے مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے متعلقہ ضلعی ایکسائز دفتر سے رابطہ کر کے گاڑی اپنے نام منتقل کروالیں بصورت دیگر انہیں قانونی پیچیدگیوں کے ساتھ ساتھ وقت کے ضیاع کا بھی سامنا کرنا پڑسکتا ہے