پشاور: مہنگائی کنٹرول سے باہر، 20 کلو آٹے کا تھیلہ ایک ہفتے کے دوران 100 روپے مہنگا

Last Updated On 20 December,2019 11:31 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول نہ کیا جاسکا، پشاور میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں صرف ایک ہفتے کے دوران سو روپے کا اضافہ ہو گیا۔ بناسپتی گھی کی قیمت بھی بڑھ کر فی کلو190 روپے ہو گئی، شہری کہتے ہیں حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔

پشاور میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں آئے روز اضافے کو کنٹرول نہ کیا جاسکا، پشاورکی آٹا مارکیٹ میں صرف ایک ہفتے میں 85 کلو آٹے کی بوری کی قیمت 3500 سے بڑھ کر 4700 روپے ہوگئی ہے۔ آٹا ڈیلرز کا کہنا ہے کہ پنجاب میں گندم کا نرخ بڑھنے سے آٹے کی قیمت میں اضافہ ہوا جس کے باعث آٹے کی قیمت بھی بڑھی ہے۔

افغانستان کو آٹے اور گندم کی سپلائی پر پابندی کے باوجود قیمتوں کو کنٹرول نہیں کیا جا سکا، شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت آٹے سمیت دیگر اشیائے خورونوش کی قیمت میں اضافے کو روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔ صوبے میں بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے وزیراعلیٰ کی جانب سے ہدایات بھی جاری کی گئیں لیکن تاحال اس حوالے بھی عملی اقدامات کہیں نظر نہیں آ رہے۔

آٹے کے بحران پر قابو تو پا لیا گیا ہے لیکن قیمتوں میں اضافے کو کنٹرول نہ کیا جاسکا جس کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جانے کی ضرورت ہے۔