خیبرپختونخوا: بڑے امپورٹرز ٹیکس چوری میں ملوث، کروڑوں کا سٹاک ٹیکس گوشواروں میں ظاہر نہیں کیا

Last Updated On 10 December,2019 09:17 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں بڑے بڑے امپورٹرز کا ٹیکس چوری میں ملوث ہونے کا انکشاف، کروڑوں روپے کا سٹاک ٹیکس گوشواروں میں ظاہرنہیں کیا گیا، ایف بی آرنے 19 ٹریڈرز کو نوٹسز جاری کر دیئے۔ شہری کہتے ہیں ٹیکس چوروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔

 

ٹیکس چوروں کے خلاف ایک اور قدم، ایف بی آر خیبر پختونخوا نے امپورٹرز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔ گوداموں میں کروڑوں روپے کا اسٹاک جبکہ ٹیکس نہ ہونے کے برابر، ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔

 

ایف بی آر خیبر پختونخوا نے ٹیکس چور امپورٹرز کے خلاف بھی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ انیس ٹریڈرز کو نوٹسز جاری کر دیئے گئے۔ ایف بی آر کے مطابق گوداموں میں کروڑوں روپوں کا اسٹاک موجود ہے لیکن کاغذات اور ٹیکس گوشواروں میں یہ خالی ہیں۔

ٹیکس چوری کے باعث ہی ملک معاشی مسائل کا شکار ہے، غریب غریب سے غریب تر اور امیر، امیر سے امیر تر ہوتا جا رہا ہے۔ پشاور کے عوام نے بھی ایسے عناصر کیخلاف کاروائی کے ساتھ ساتھ انہیں ٹیکس نیٹ میں لانے کا مطالبہ کر دیا۔

ایف بی آر کی جانب سے انسپکٹر اور آڈیٹرز پر مشتمل پانچ ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں جو باقاعدہ گراونڈ سروے اور آڈٹ کے بعد ٹیکس وصول کریں گے۔ ایف بی آر حکام کے مطابق ان ٹریڈرز سے پچاس کروڑ روپے سے زائد ٹیکس ریکوری کی امید ہے جس کیلئے ٹیمیں روزانہ کی بنیادوں پر گوداموں کا آڈٹ کرنے میں مصروف ہیں۔