پشاور: (دنیا نیوز) صوبائی حکومت نے قبائلی اضلاع میں بلدیاتی نظام رائج کرنے کے لئے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں 25 تحصیلوں میں ٹی ایم اوز تعینات کرنے اور 14 سو اہلکاروں کو بھرتی کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
سول سیکرٹریٹ پشاور کے اطلاع سیل میں صوبائی وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 7 قبائ؎لی اضلاع کے 25 تحصیلوں میں ٹی ایم اوز کی تعیناتی اور یونین کونسلز میں 14 سو سیکرٹریز بھرتی کئے جائیں گے۔ نئی ٹی ایم ایز کو صفائی کے لیے 50 جدید گاڑیاں اور 600 کنٹینرز مہیا کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ کے مشیر برائے قبائلی اضلاع اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ محکمہ بلدیات کے اس اقدام سے بلدیاتی انتخابات کی راہ ہموار ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے اضلاع میں سفیر بلدیات تعینات کیے جائیں گے جس کے لئے 120 نوجوانوں کو تربیت دی جا رہی ہے۔