پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ نیب کوآفر کرتے ہیں آ جائیں اور بتائیں بی آر ٹی میں کہاں کرپشن ہوئی، بی آر ٹی فرانزک آڈٹ کا فیصلہ شفافیت کے لئے کیا۔
صوبائی وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی کا دنیا نیوز سے گفتگو میں کہنا تھا کہ بی آر ٹی منصوبے میں کوئی تاخیر نہیں ہوئی، ایشین ڈیویلپمنٹ بنک کی مدت پہلے ہی سے 3 سال کی تھی، بی آرٹی منصوبے کے آرٹی ایس اور ٹکٹنگ پرکام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی آرٹی لاگت میں 3 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے، بی آرٹی کوریڈورکی لاگت 29 سے 32 ارب روپے تک پہنچ گئی، ان کا کہنا تھا کہ حکومت پر کوئی اضافی بوجھ نہیں آیا، ڈالرکی قیمت بڑھنےسے منصوبے میں 3ارب روپے کی بچت ہوئی ہے۔