لاہور: (دنیا نیوز) یوٹیلیٹی سٹورز پر ریلیف پیکیج کے تحت تین اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری، قیمتوں میں کمی پر عمل درآمد وزیراعظم کے اعلان کے ساتھ مشروط کر دیا گیا، دوسری جانب سرخ مرچ اور دال مسور کی قیمت فوراً بڑھا دی گئی، شہری مہنگائی کے خلاف پھٹ پڑے۔
حکومت کا غریب عوام کے ساتھ ایک اور ہاتھ، یوٹیلیٹی سٹورز پر 6 ارب کے ریلیف پیکیج کا اعلان کر دیا تاہم عوام نوٹیفکیشن پر عملدرآمد کے لئے منتظر ہیں جس کے سبب غریب کا سستا سٹور تاحال مہنگا ہے۔ یوٹیلیٹی سٹورز انتظامیہ نے دال چنا 10روپے، چینی 7 روپے اور چاول 12 روپے سستا کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تاہم وزیراعظم کے ریلیف پیکیج پر عمل درآمد نہ ہو سکا۔
دوسری جانب دال مسور 7 روپے اور سرخ مرچ 75روپے تک مہنگی کر دی گئی۔ ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز پر 6 ارب روپے کے ریلیف پیکیج کا نوٹیفکیشن جاری ہو چکا ہے لیکن عمل درآمد وزیراعظم کے اعلان کے ساتھ مشروط کر دیا گیا ہے۔
شہریوں نے مہنگائی کا شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر جو اشیاء سستی ہوں وہ نایاب ہو جاتی ہیں۔ جو اشیاء مہنگی ہوتی ہے وہ دستیاب ہوتی ہے۔ ریلیف پیکیج پر فوری عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر ریلیف پیکیج پر عمل درآمد سے قبل اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ فوری نافذ العمل کر دیا گیا ہے۔