فیصل آباد: محکمہ خوراک کے پاس گندم کا ذخیرہ ختم ہونے کا انکشاف

Last Updated On 15 January,2020 05:28 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد محکمہ خوراک کے پاس گندم کا ذخیرہ ختم ہونے کا انکشاف سامنے آ گیا۔ بیرونی اضلاع سے گندم لائے جانے کے باعث اخراجات بڑھنے کی وجہ سے فلورملز کی جانب سے آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافے کے خدشات بھی منڈلانے لگے ہیں۔

فیصل آباد محکمہ خوراک کے اندرون شہر میں موجود گوداموں میں گندم کا ذخیرہ ختم، ملحقہ تحصیلوں اور دوسرے اضلاع سے گندم لائے جانے کے باعث فلور ملز مالکان کی جانب سے اخراجات بڑھنے کی وجہ سے آٹے کی قیمت مزید بڑھانے کا بھی خدشہ لاحق ہوگیا ہے۔ شہری کہتے ہیں کہ 20 کلو گرام آٹے کے تھیلے کی قیمت پہلے ہی ایک ہزار روپے سے تجاوز کر چکی ہے مزید اضافہ انہیں فاقہ کشی پر مجبور کردے گا۔

دوسری جانب ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر علی عمران کہتے ہیں کہ آٹے کی قیمت کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور فلور ملز کی بھی مانیٹرنگ جاری رکھی جائے گی۔

شہری حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ آٹے کی قیمت کو مزید بڑھانے کی بجائے کم کرتے ہوئے عام آدمی کی پہنچ میں لایا جائے تا کہ انہیں ریلیف حاصل ہو سکے۔