آٹے کے بحران میں ایف بی آر کا کوئی کردار نہیں، چیئرمین شبر زیدی

Last Updated On 21 January,2020 11:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین شبر زیدی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں جاری آٹے کے بحران میں ان کے ادارے کا کوئی کردار نہیں ہے۔

چئیرمین ایف بی آر شبر زیدی کا اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ میرے دوست ہیں، ان سے کوئی اختلاف نہیں ہے، ان سے بھائیوں جیسے تعلقات ہیں، ہمارا کبھی کسی بات پر کوئی اختلاف نہیں ہوا۔

شبر زیدی کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کی کارکردگی آپ کے سامنے ہے۔ ملک میں آٹے کے بحران میں اس ادارے کا کردار کوئی کردار نہیں، آٹے پر کسی قسم کا کوئی ٹیکس نہیں ہے۔

اس سے قبل آل پاکستان چیمبرز سیمینار سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں۔ یہ دیکھنا ہے کہ ٹیکس وصولیاں کہاں تک لے جانی ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس لحاظ سے مینوفیکچرنگ، سروس، زراعت اور ریٹیل کے چار شعبے ہیں، ہر شعبہ کا 25 فیصد تک ٹیکس میں حصہ بنتا ہے۔ ٹیکس وصولیوں میں 70 فیصد حصہ مینوفیکچرنگ کا ہے جبکہ دیگر تین شعبوں کی ٹیکس وصولیاں کم ہیں۔ سارا بوجھ ٹیکسوں کا مینوفیکچرنگ کے شعبے پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگ ٹیکس بوجھ کی وجہ سے مینوفیکچرنگ سے بھاگ رہے ہیں۔ یا تو ٹیکس چوری کی جاتی ہے یا پھر مینوفیکچرنگ کو چھوڑا جا رہا ہے، ہمیں ٹیکس نیٹ سسٹم کو بہتر بنانا ہوگا۔
 

Advertisement