لاہور: (ویب ڈیسک) غیر یقینی سیاسی صورتحال تاحال پاکستان سٹاک مارکیٹ میں چھٹنے کا نام نہیں لے رہی، کاروباری ہفتے کے پہلے روز کے دوران ایک مرتبہ پھر 93.79 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ 11 کاروباری سیشنز کے دوران سٹاک مارکیٹ پر غیر یقینی کے اثرات چھائے ہوئے ہیں، گزشتہ ہفتے کاروباری کے دوران صرف ایک روز (آخری کاروباری روز) کے دوران تیزی دیکھنے میں آئی تھی، آج بھی کاروبار کا آغاز غیر یقینی صورتحال کے باعث ہوا، جس کے باعث حصص مارکیٹ کے 100 انڈیکس 93.79 پوائنٹس کی گراوٹ دیکھی گئی۔ مندی کے باعث 42600 کی حد بھی گر گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخری کارباری روز کے دوران 100 انڈیکس 126.08 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 42633 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا تھا۔
آج کاروبار کا آغاز معمولی اُتار چڑھاؤ کے ساتھ ہوا، پہلے گھنٹے کے دوران انویسٹرز نے سرمایہ کاری کی بجائے حالات پر گہری نظر جمائے رکھی، پہلے دو گھنٹوں کے دوران انڈیکس میں 80 پوائنٹس کی تیزی دیکھنے میں آئی۔
تیزی کی یہ لہر برقرار نہ رہ سکی اور دوپہر بجے تک انڈیکس ایک مرتبہ پھر 100 پوائنٹس کی مندی دیکھنے میں آئی اور انڈیکس 42616.22 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا تھا۔
کاروبار کے دوران اُتار چڑھاؤ کے باعث انڈیکس میں ایک مرتبہ پاکستان سٹاک مارکیٹ کا انڈیکس 42738.56 پوائنٹس کی بلند ترین سطح جبکہ مندی کے باعث 42472.16 پوائنٹس کی نچلی سطح پر دیکھا گیا۔
کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 93.79 پوائنٹس کی مندی کے بعد 42539.23 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ کاروبار کے دوران 12 کروڑ 63 لاکھ 83 ہزار 460 شیئرز کا لین دین ہوا۔
معاشی ماہرین کے مطابق پاکستان میں غیر یقینی سیاسی صورتحال کے باعث انویسٹرز ٹریڈنگ کے دوران دلچسپی لینے کی بجائے شیئرز کی فروخت کو ترجیح دے رہے ہیں جبکہ منافع کا رحجان بھی دیکھنے میں آ رہا ہے۔