بڑھتی مہنگائی سے مویشی بھی متاثر، فیصل آباد میں چارے کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

Last Updated On 29 January,2020 09:40 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) بڑھتی ہوئی مہنگائی اور اشیائے ضروریہ کی گرانی سے نہ صرف انسان بلکہ مویشی بھی شدید متاثر ہورہے ہیں۔ فیصل آباد میں سبز چارے کی قیمت آسمان سے باتیں کررہی ہے۔

پاکستان کے تیسرے بڑے شہر کے چاروں طرف ہاؤسنگ کالونیوں کی بھرمار، زیر کاشت زرعی رقبہ سکڑنے سے چارے کی شدید کمی ہو گئی، ٹال مالکان نے بھی من مانی کرتے ہوئے چارے کے ریٹ ڈبل کر دئیے جس سے مویشی پال حضرات کی مشکلات میں شدید اضافہ ہوگیا ہے۔

شہر کے مین چارہ پوائنٹس پر برسین، کماد، سبز چارے کی قیمت 170 روپے من سے بڑھ کر 400 روپے من تک پہنچ چکی ہے۔ ٹال مالکان فصل کی کمی کو ریٹ میں اضافہ کی وجہ قرار دے رہے ہیں۔

مویشی پال حضرات کے مطابق سبز چارے کے ریٹ آسمان پر پہنچنے سے دودھ کی پیداوار بھی انتہائی کم ہوچکی ہے۔ دودھ کی قیمت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ شہریوں کے مطابق لائیو اسٹاک اور مارکیٹ کمیٹی نے ٹال مالکان کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے جس کی وجہ سے وہ مویشیوں کو خشک چارہ کھلانے پر مجبور ہیں۔