کراچی: (دنیا نیوز) ایک ہفتے کے دوران سٹاک مارکیٹ ایک ہزار پوائنٹس سے زائد گر گئی جبکہ روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت میں 50 پیسے کمی ریکارڈ کی گئی۔
کاروباری ہفتے کے دوران سٹاک مارکیٹ میں مقامی اور بیرونی سرمایہ کاروں نے حصص کی خریداری سے زیادہ فروخت میں میں دلچسپی لی، یہی وجہ ہے کہ ایک ہفتے کے دوران مارکیٹ 1002 پوائنٹس کی کمی کے بعد 100 انڈیکس 41 ہزار 630 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
انڈیکس میں گراوٹ کے سبب سرمایہ کاروں کے 108 ارب روپے ڈوب گئے، اس دوران بیرونی سرمایہ کاروں نے 80 لاکھ ڈالر مالیت کے حصص فروخت کیے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق سیاسی بے چینی کے باعث انویسٹرز پاکستان سٹاک ایکس چینج میں سرمایہ لگانے سے گریز کر رہے ہیں۔
دوسری جانب ایک ہفتے کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے کمی کے بعد 154 روپے میں فروخت ہوا جبکہ انٹر بینک میں ڈالر 8 پیسے کمی کے بعد 154 روپے 47 پیسے پر بند ہوا۔