کراچی: دہشت گردی کے مقدمات میں مطلوب 2 ملزمان، ایک ڈاکو گرفتار

Last Updated On 31 January,2020 11:19 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس کی مختلف کارروائیوں کے نتیجے میں ایک ڈاکو سمیت دہشتگردی کے مقدمات میں مطلوب 2 ملزم گرفتار کر لئے گئے جبکہ دوسری جانب مختلف حادثات و واقعات میں 2 افراد ہلاک ہو گئے۔

رات گئے کراچی کے علاقے لانڈھی نمبر6 میں مارکیٹ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جس کی شناخت ارباب علی کے نام سے ہوئی۔ علاقہ مکینوں کے مطابق 6 ملزمان ڈکیتی کی نیت سے مارکیٹ میں پہنچے تو علاقہ پولیس نے دیکھتے ہی بروقت کارروائی کی اور ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جبکہ ملزم کے باقی 5 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ فرار باقی ملزموں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب فیروز آباد تھانے کی حدود سے مفرور ملزم کو اسلحے سمیت گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم زین العابدین عرف بلا دہشت گردی کے مقدمہ میں پولیس کو مطلوب تھا۔

ادھر کورنگی گودام چورنگی کے قریب ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ جاں بحق فیضان ولد شاھد کی لاش کو مقامی ہسپتال منتقل کرلیا گیا۔ صدر چاندنی چوک گھر سے ایک شخص کی پھندا لگی لاش برآمد ہوئی، مقتول کی شناخت 40 سالہ شہزاد کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق متوفی نے گلے میں رسی کا پھندا لگا کر خودکشی کی ہے، لاش کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

 

Advertisement