کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے ڈالمیا روڈ پر شہری اور ڈکیت آمنے سامنے، ڈکیتوں کو دیکھتے ہی شہری نے فائرنگ کر دی، لوٹ مار کرنے والے گروہ کا ایک کارندہ موقع پر ہلاک اور دوسرا فرار ہو گیا۔
رات گئے کراچی تھانہ شاہراہ فیصل کی حدود ڈالمیا سوسائٹی میں شہری سے لوٹ مار کے دوران فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق مزنگ اپنے بھائی کلیم کے ساتھ کھڑا تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے کلیم سے موبائل فون اور قیمتی سامان چھینا اور فرار ہونے لگے۔
پیچھے سے کلیم کے بھائی مزنگ نے دونوں ڈکیت ملزمان پر اپنے اسلحہ سے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر پیچھے بیٹھا ڈکیت موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ دوسرا موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
مزنگ کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل پر سوار دو ملزمان گھر کے باہر بھائی سے لوٹ مار کر رہے تھے، میں نے دیکھا تو فائرنگ کر دی۔ پولیس کے مطابق شہری کی فائرنگ سے مرنے والے ڈکیت سے چھینی گئی نقدی، موبائل فون، اسلحہ اور موٹر سائیکل قبضے میں لیکر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا جبکہ ہلاک ملزم کی شناخت تاحال نہ ہو سکی۔