کراچی میں لوٹ مار سمیت مختلف وارداتیں، 12 سالہ بچہ مبینہ طور پر اغوا، ایک شخص جاں بحق، دوسرا زخمی

Last Updated On 29 January,2020 11:31 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں لوٹ مار کی وارداتوں میں اضافہ ہونے لگا۔ شاہراہ پاکستان پر موٹرسائیکل سوار ملزمان دن دیہاڑے کار سوار شہریوں کو لوٹ کر فرار ہو گئے جس کی سی سی ٹی وی منظرعام پر آ گئی۔ بھٹائی آباد سے 12 سالہ بچہ مبینہ طور پر اغوا ہو گیا، شہر بھر میں مختلف حادثات و واقعات میں ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہو گیا۔

کراچی میں لوٹ مار کا درجہ حرارت انتہا کو پہنچ گیا۔ دن دیہاڑے شارع پاکستان پر 2 موٹر سائیکل پر سوار چار ملزموں نے کارسوار شہریوں کو لوٹ لیا۔ واقعہ کی فوٹیج منظر عام پر آ گئی جس میں ملسح ملزموں کو لوٹ مار کرتے واضح دیکھا جا سکتا ہے۔ ملزم واردات کر کے بآسانی فرار ہو گئے جبکہ علاقہ پولیس لٹیروں کو لگام دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔

دوسری جانب بھٹائی آباد سے 12 سالہ بچہ مبینہ طور پر اغوا ہو گیا۔ بچے کےاغوا کا مقدمہ سچل تھانے میں والد کی مدعیت میں درج کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق راحیل گزشتہ روز گھر سے نکلا اس کے بعد لاپتہ ہوا۔ مقدمے کے متن کے مطابق راحیل کو ویڈیو گیم کی دکان چلانے والے ابراہیم نامی شخص نے اغؤا کیا ہے جبکہ ملزم ابراہیم، راحیل کو اپنے ہمراہ موٹرسائیکل پر بٹھا کر لے گیا ہے۔ پولیس کے کے مطابق لاپتہ بچے کی تلاش جاری ہے۔

ادھر اورنگی ٹائون کرسچن کالونی میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا جبکہ کورنگی گودام چورنگی کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک راہگیر جاں بحق ہو گیا۔ لاش اور زخمی شخص کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
 

Advertisement