پشاور: ایک ماہ کے دوران اسٹریٹ کرائمز میں ملوث 41 ملزمان گرفتار

Last Updated On 27 January,2020 01:49 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور پولیس نے اسٹریٹ کرائمز کے خلاف کارروائیوں میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران ملوث 41 ملزمان کو گرفتار کر لیا، چھینی گئی 12 گاڑیاں، موٹر سائیکلیں، موبائل فونز اور 21 لاکھ روپے نقد رقم برآمد کی گئی۔

ایس ایس پی آپریشنز ظہور بابر آفریدی کا پشاور ملک سعد پولیس لائن میں پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ کارروائیاں سٹی ڈویژن کے علاقوں میں کی گئیں جن کے دوران 41 ملزموں کو گرفتار کیا گیا، ان کے قبضے سے 12 گاڑیاں، 10 موٹرسائیکل، 11 موبائل فونز اور رکشے برآمد ہوئے۔ کارروائی کے دوران 21 لاکھ روپے نقد رقم بھی برآمد ہوئی۔

ملزمان راہزنی، کار، موٹرسائیکل چھیننے اور ڈکیتیوں میں ملوث ہیں، ملزمان کا تعلق پشاور اور پنجاب کے دیگر شہروں سے ہے۔

ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق برآمد کی گئیں گاڑیاں اصل مالکان کے حوالے کردی گئی ہیں جبکہ ملزمان سے بیشتر کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھجوایا جا چکا ہے۔
 

Advertisement