شیخوپورہ: صفدرآباد میں پرانی دشمنی پر فائرنگ، کار سوار 5 افراد جاں بحق

Last Updated On 31 January,2020 10:03 am

شیخوپورہ: (دنیا نیوز) شیخوپورہ کے علاقہ صفدرآباد میں دیرینہ دشمنی پر مخالفین نے فائرنگ کر کے پیشی پر جاتے ہوئے 5 افراد کو قتل کر دیا۔

شیخوپورہ کے علاقہ صفدرآباد میں سیٹھ والا کے 2 خاندانوں اشتیاق گروپ اور شفیع گروپ میں اراضی کے تنازعہ پر جنم لینے والی دشمنی اب تک درجنوں افراد کونگل چکی ہے۔ اشتیاق گروپ کے 5 افراد پیشی بھگتنے کے لیے فیصل آباد جارہے تھے کہ سیٹھ والا کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے کار پر اندھادھند فائرنگ کر دی۔ جس میں کار سوار 5 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس کے مطابق تقریباً ایک ماہ قبل اشتیاق گروپ نے شفیع گروپ کے باپ بیٹے کو قتل کیا تھا جس کا بدلہ لینے کے لیے آج انہوں نے 5 افراد کو قتل کیا۔
 

Advertisement