فیصل آباد کی سبزی مارکیٹ میں غلاظت کے ڈھیر، گندے پانی کے سبب آمدورفت دشوار

Last Updated On 03 February,2020 10:49 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) ملک کی تیسری بڑی سبزی و فروٹ مارکیٹ انتظامی نااہلی کی وجہ سے بدترین مسائل کا شکار ہو گئی۔ گندگی کے ڈھیر مارکیٹ کمیٹی حکام کی کارکردگی کی عکاسی کرنے لگے۔

فیصل آباد کی مرکزی سبزی و فروٹ منڈی سدھار ملک کی تیسری بڑی مارکیٹ ہے جہاں سے روزانہ کروڑوں روپے ریونیو حکومت حاصل کررہی ہے لیکن اس سبزی منڈی کا بنیادی سیوریج سسٹم نہ ہونے کی وجہ سے ہر طرف غلیظ پانی کے جوہڑ اور موثر صفائی نہ ہونے سے جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے آڑھتیوں و مزدوروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

سبزی منڈی میں میں غلیظ پانی اور گندگی کے ساتھ ساتھ شیڈ بھی خستہ حالی کی وجہ سے کئی مقامات سے گرے ہوئے ہیں جن کے نیچے کاروبار کرنے والے آڑھتی حضرات اور محنت کش خوف کا شکار ہیں۔ نائب صدر سبزی منڈی کہتے ہیں کہ ضلعی انتظامی افسران کے پرائس کنٹرول کیلئے ہوائی دورے محض دکھاوا ہیں، ہبنیادی مسائل کو مسلسل نظرانداز کیا جارہا ہے۔

سبزی منڈی کے محنت کشوں کا کہنا ہے کہ سبزیاں اور فروٹ گندگی میں رکھ کر فروخت کرنے پر مجبور ہیں جس کی وجہ سے بیماریاں پھیل رہی ہیں، بنیادی مسائل کا فی الفور ازالہ کروایا جائے۔