لاہور: (دنیا نیوز) ایک کے بعد ایک چیز مہنگائی کی زد میں آنے لگی، چینی بھی عوام کے لئے کڑوی گولی بن گئی۔ کرشنگ سیزن میں چینی کی قیمت میں اضافہ ہونے لگا، پرچون میں کم ازکم فی کلو قیمت 85 روپے تک پہنچ گئی۔
آٹے کی دُہائی ابھی ختم نہیں ہوئی کہ عوام کو چینی بحران نے آ لیا۔ گزشتہ ایک ہفتے میں چینی 5 روپے اور ایک ماہ میں 10روپے فی کلوتک مہنگی ہو گئی۔ چینی کے 50 کلو تھیلے کی ایکس مل قیمت 3 ہزار 900 روپے مقرر اور تھوک مارکیٹ میں 4 ہزار روپے تک دستیاب ہونے لگی ہے۔
چینی کی سرکاری قیمت 70روپے فی کلو مقرر لیکن اس پر عملدرآمد ناممکن بن گیا، پرچون میں چینی کم از کم 85 روپے کلو میں فروخت کی جا رہی ہے
جبکہ بعض جگہوں پر منافع خور 90روپے کلو میں بھی چینی فروخت کرنے لگے۔
عوام کہتے ہیں کہ مہنگائی اور بحرانوں کے عادی ہوتے جا رہے ہیں، پتہ نہیں صبر کا پھل کب ملے گا۔ موجودہ حکومت کے 17 ماہ میں چینی 54 فیصد مہنگی ہوکر 55 روپے فی کلو سے 85 روپے فی کلو ہو چکی ہے۔