لاہور: (دنیا نیوز) ایک اور بحران نے سر اٹھا لیا، چینی کی قیمت کنٹرول نہ ہوسکی، پرچون میں چینی کی قیمت پچاسی روپے کلو پر برقرار ہے، منافع خور مافیا روزانہ کروڑوں روپے عوام کی جیبوں سے نکالنے لگا، انتظامیہ نے چپ سادھ لی۔
بحران پر بحران، عوام کا نیا امتحان، چینی کی مٹھاس بھی کڑوی ہونے لگی۔ منافع خور مافیا بے لگام ہونے سے چینی کے دام اونچے ہو گئے۔ سرکاری ریٹ صرف نرخ نامے تک رہ گئے۔ چند روز میں چینی 10روپے کلو تک مہنگی ہوگئی۔
لاہور میں کہیں بھی پرچون کی سطح پر 70روپے کلو چینی خواب بن گئی۔ دکانوں پر چینی کم ازکم 85روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔ تھوک مارکیٹ میں 50 کلو چینی کا تھیلا 4 ہزار روپے میں ملنے لگا ہے۔
مہنگائی کے ستائے عوام پھٹ پڑے، بولے مہنگائی کا جن سب کوکھا رہا ہے، کوئی توجہ نہیں دے رہا۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق ملک بھر میں روزانہ ڈیڑھ کروڑ کلو چینی استعمال ہوتی ہے جس سے منافع خور چینی کی قیمت بڑھا کر روزانہ عوام کی جیب سے 15 کروڑ روپے نکال رہے ہیں۔ حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے منافع خوروں کو روکنے کیلئے اقدامات کہیں بھی نظر نہیں آ رہے۔