سٹاک مارکیٹ میں مسلسل تیسرے روز بھی تیزی، انڈیکس 1277 پوائنٹس بڑھ گیا، ڈالر مزید مہنگا

Last Updated On 02 April,2020 04:20 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان مسلسل تیسرے کاروباری روز بھی جاری رہا۔ 100انڈیکس 30ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مسلسل تیسرے روز تیزی ریکارڈ کی گئی۔ 100انڈیکس 12سو77پوائنٹس اضافے سے 30ہزار 782پوائنٹس پر بند ہوا۔

یاد رہے کہ سٹاک مارکیٹ میں دو روز قبل کئی ہفتوں کے بعد زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی تھی، 100انڈیکس میں 1208 پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا، چار سال بعد ایک دن میں 1200 پوائنٹس کی تیزی رکارڈ کی گئی تھی۔ جس کے بعد سرمایہ کاروں کو تقریباً 190 ارب روپے کا فائدہ ہوا تھا۔ ٹریڈنگ کے اختتام پر 100 انڈیکس 29 ہزار 231 پوائنٹس اضافے پر بند ہوا تھا۔

گزشتہ روز سٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دورران 100 انڈیکس 273.94 پوائنٹس بڑھا تھا۔ حصص مارکیٹ کے گزشتہ 3دنوں میں 100 انڈیکس 27 سو 59پوائنٹس بڑھ گیا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے عالمی سطح پر سٹاک مارکیٹوں میں تیزی، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے اور حکومت کی جانب سے برآمدکنندگان کے ری فنڈز جاری کئے جانے کے باعث سٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھی جارہی ہے۔

دوسری جانب انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 9 پیسے اضافے سے 166روپے 92پیسے پر بند ہوا۔