ملتان: گندم خریداری کے ہدف میں مشکلات پر محکمہ فوڈ حکام کے مساجد میں اعلانات

Last Updated On 08 May,2020 10:57 am

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں کاشتکاروں کی عدم دلچسپی کے باعث تمام خریداری مراکز ویرانے کا منظر پیش کر رہے ہیں اسی لیے محکمہ فوڈ نے گندم خریداری کے ہدف میں مشکلات درپیش ہونے پر مساجد میں گندم فروخت کرنے کے اعلانات شروع کر دئیے ہیں اور کاشتکاروں سے انکے گھروں پر ہی گندم خریدنے کیلئے اپنے عملے کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ملتان ڈویژن کے سنتالیس گندم خریداری مراکز پر ویرانے کا منظر کاشتکاروں کی عدم دلچسپی کا نتیجہ ہے جس کی وجہ سے کاشتکار چودہ سو روپے فی من کے حساب سے خریداری مراکز پر گندم فروخت کرنے کو تیار نہیں، اسی لیے محکمہ فوڈ کے حکام نے کاشتکاروں سے ہر صورت گندم خریدنے کیلئے عملے کو سرکاری خرچ پر ہی گندم خریداری مراکز تک لانے کے احکامات دے دئیے ہیں لیکن موجودہ صورتحال میں 88 فیصد بار دانہ تقسیم کرنے کے باوجود محکمہ فوڈ کیلئے کاشتکاروں کو قائل کرنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔

محکمہ فوڈ حکام کا کہنا ہے کہ گندم خریداری کا ہدف پورا کرنے کیلئے پہلے مرحلے میں کاشتکاروں کو قائل کرنے کی کوشش کی اور اب مساجد میں بھی اعلانات کر دئیے ہیں تاہم اگر کاشتکاروں نے پھر بھی تعاون نہیں کیا تو گھروں پر چھاپے مار کر تمام گندم تحویل میں لے لیں گے۔

رواں سال موسمی تبدیلی اور مختلف بیماریوں کے باعث گندم کی پیداوار بھی متاثر ہوئی ہے اسی لیے اوپن مارکیٹ میں گندم کی فی من قیمت 1450 سے 1500 روپے تک وصول کی جارہے ہیں۔
 

Advertisement