لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب نے اب تک 36 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد گندم کی خریداری کا ہدف حاصل کر لیا، سینئر وزیر عبدالعلیم خان کہتے ہیں کہ موجودہ حکومت نے گزشتہ 3 برسوں میں اب تک سب سے زیادہ گندم خرید کی ہے۔
گندم خریداری کی مہم بارے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ گندم خریداری کا 45 لاکھ میٹرک ٹن کا سب سے بڑا ہدف مقرر کیا گیا، پنجاب کی تاریخ میں اتنی بڑی مقدار میں گندم پہلے نہیں خریدی گئی، 36 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی خرید بڑے ٹارگٹ کا حصول ہے۔ گندم کی خرید میں کامیابی کے فلور ملز پر بھی مثبت اثرات مرتب ہونگے جیسے ہی ٹارگٹ مکمل ہو گا، فلور ملز کا کوٹہ بڑھا دیں گے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ صوبے میں گندم خریداری کا ہدف بہترین ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، پنجاب کے عوام کو گندم کی قلت نہیں آنے دیں گے، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی سے گندم خریداری کا ہدف آسان ہوا۔ سینئر وزیر نے گندم خرید کی کامیابی پر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کے افسران کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے محکمے کے افسران آئندہ بھی اسی لگن اور محنت سے کام کرینگے۔