ملتان: (دنیا نیوز) ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں ٹڈی دل نے فصلیں اور سبزیاں برباد کر دیں، محکمہ زراعت نے ہیلپ لائن بنا کر جان چھڑا لی۔ کسانوں کے رابطے پر کسی نے فون تک نہ اٹھایا۔
جنوبی پنجاب میں 78 لاکھ ایکڑ رقبے پر مختلف فصلیں کاشت کی گئی ہیں جن میں کپاس، کماد، چارہ جات اور سبزیاں بھی شامل ہیں لیکن گزشتہ کئی روز سے فصلوں پر ٹدی دل کا حملہ مزید شدید ہو گیا ہے جس کیلئے محکمہ زراعت کے اقدمات صرف زبانی جمع خرچ ہیں جس کی وجہ سے فصلوں کو نقصان پہنچنے پر کاشتکار بھی پریشان ہیں۔
محکمہ زراعت کے حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ٹڈی دل کو کنٹرول کرنے کیلیے مختلف محکموں کی ٹیمیں کاوشیں کر رہی ہیں تاہم مثالی کاشتکاروں کا وٹس ایپ گروپ بنا کر ہیلپ لائن نمبر جاری کر دیا ہے جس پر کال کی صورت میں کاشتکاروں کی مدد کر رہے ہیں۔
ہیلپ لائن نمبر پر کال موصول نہیں کی جارہی جس کی وجہ سے صرف خانہ پوری کیلئے مختص نمبر سے کاشتکاروں کے مسائل برقرار ہیں جن کو کم کرنے کیلئے کاشتکار اپنی مدد آپکے تحت ہی کھیتوں سے ٹڈی دل کو بھگانے میں مصروف ہیں۔