لاہور: (روزنامہ دنیا) سوشل میڈیا پر سخت تنقید اور سبکی کے بعد بھارتی پولیس نے دو روز قبل پکڑے جانے والے پاکستانی مبینہ جاسوس کبوتر کو آزاد کر دیا۔
مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقہ کاتھوا کے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ شالیندر کمار نے اس بات کی تصدیق کی کہ دو روز قبل پکڑے جانے والے پاکستانی کبوتر کو چھوڑ دیا گیا۔
بھارتی پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ جاسوس کبوتر ہے جس کے پنجوں میں ڈالے گئے پلاسٹک کے چھلے پر ایک موبائل نمبر لکھا تھا جسے بھارتی پولیس نے ایک خفیہ کوڈ بتایا تھا۔
واقعہ کے بعد پاکستان کے سرحدی علاقہ شکر گڑھ کے گاؤں بگا کے رہائشی حبیب اللہ کا بیان سامنے آیا اس نے کہا تھا کہ بھارت میں پکڑا جانے والا کبوتر اس کی ملکیت ہے، اس نے عید کے روز کبوتر اڑائے تھے مگر گولڈن نسل کی یہ مادہ کبوتری واپس نہیں آئی۔