صوبے میں کاروباری سرگرمیاں اکتیس مئی تک جاری رہیں گی، سندھ حکومت

Last Updated On 29 May,2020 09:39 am

کراچی: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں کاروباری سرگرمیاں اکتیس مئی تک بغیر رکاوٹ جاری رہیں گی۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات میں تاجروں نے شاپنگ پلازہ اور مارکیٹس رات آٹھ بجے تک کھولنے کی تجویز دی ہے۔

تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے تاجروں کے وفد نے ملاقات کی جس میں لاک ڈاؤن سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ تاجروں نے کاروباری سرگرمیوں کے اوقات بڑھانے کی تجویز دی۔ انہوں نے شاپنگ پلازے اور مارکیٹیں رات آٹھ بجے تک جبکہ ریسٹورنٹس میں ڈائن ان کی اجازت دینے کا مطالبہ بھی کیا۔

تاجروں نے موقف اختیار کیا کہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی حمایت کریں گے۔ صنعتکاروں نے بھی تمام صنعتوں اور پیداواری یونٹس کو کام کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا۔

ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے تاجروں کی تجویز پر جمعہ، ہفتہ اور اتوار کاروبار کی اجازت دینے کا عندیہ دیا جبکہ ریسٹورنٹس کے لیے ٹیک اوے، ہوم ڈیلیوری کے اوقات رات 11 بجے تک کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے یقین دلایا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کے اجلاس میں تاجروں کی تجاویز رکھیں گے۔ حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کے ساتھ اجلاس میں ہوگا۔

اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے بیان جاری کیا کہ سپریم کورٹ نے 18 مئی کو ہدایات دی تھیں کہ کاروباری سرگرمیاں 31 مئی تک بغیر رکاوٹ تسلسل سے جاری رہیں گی، اس سے پہلے وفاقی حکومت این سی سی کا اجلاس کرے گی جس میں لاک ڈاؤن سے متعلق صوبوں کی مشاورت سے فیصلے ہونگے۔