بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کی اوورسیزپورٹ ہولڈنگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو زانگ باؤزانگز نے کہا ہے کہ گوادر بندرگاہ پاکستان میں اقتصادی سرگرمیوں کا نیا محور ہوگی۔ 2030ء تک ملک کی مجموعی قومی پیداوار میں اس کا حصہ سب سے زیادہ ہوگا۔
چائنا اکنامک نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ پر تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں اور اس کی مرمت وبحالی کے لئے ابتدائی طور پر پچیس کروڑ ڈالر خرچ کئے گئے ہیں اور مزید سرمایہ کاری کی جائے گی۔
زانگ باؤزانگز نے کہا کہ بندرگاہ پر کاروباری مرکز کے قیام، سیم کے خاتمے اور سیوریج کے نظام سمیت سامان کی لوڈنگ کے لئے نئی کرینیں خریدی گئی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ یہ بندرگاہ بین الاقوامی جہازرانی کے لئے ایک مثال بنے گی۔ چین کی اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی گوادر کی بندرگاہ اور فری ٹریڈ زون کو چلائے گی۔