سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا تسلسل نویں روز برقرار، انڈیکس 321 پوائنٹس بڑھ گیا

Last Updated On 08 July,2020 04:49 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مسلسل نویں کاروباری سیشنز کے دوران بھی تیزی ریکارڈ گئی، 100 انڈیکس رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران 321.54 پوائنٹس بڑھ گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ نو کاروباری سیشنز کے دوران زبردست تیزی دیکھنے کو مل رہی ہے، عالمی اداروں کی طرف سے ملنے والی امداد اور بجٹ میں انویسٹرز کو سہولتیں دینے کے بعد سرمایہ کاروں کی طرف سے زبردست تیزی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ رواں ہفتے کے پہلے تین کاروباری سیشنز کے دوران 100 انڈیکس میں 643 پوائنٹس سے زائد کی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی۔

آج رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے پہلے ڈیڑھ گھنٹے کے دوران انڈیکس میں 203 پوائنٹس کی تیزی دیکھنے کو ملی تھی جس کے بعد انڈیکس 35500 کی حد بحال کر گیا تھا۔

پورے کاروباری روز کے دوران کاروباری میں بہتری کا تسلسل دیکھنے کو ملا، ایک موقع پر انڈیکس 35 ہزار 700 کی حد عبور کر گیا تھا تاہم کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 321.54 پوائنٹس کی تیزی کے بعد انڈیکس 35694.89 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.91 فیصد کی بہتری ریکارڈ کی گئی جبکہ 20 کروڑ 59 لاکھ 86 ہزار 733 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 90 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران حصص مارکیٹ کے 100 انڈیکس 151.39 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی جس کے بعد انڈیکس 35202.77 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا تھا۔

دوسرے کاروباری روز کے دوران 170.58 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 353733.35 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کربند ہوا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ پورے ہفتے تیزی دیکھنے کو ملی تھی، گزشتہ ہفتے کے پہلے کاروباری روز دہشتگردوں نے سٹاک مارکیٹ پر حملہ کیا تھا، تاہم یہ حملے بھی سرمایہ کاروں کے حوصلے پست نہ کر سکے، 100 انڈیکس میں 242.31 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی تھی اور انڈیکس 34181.80 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔

دوسرے کاروباری روز کے دوران کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز نے سٹاک مارکیٹ کا دورہ کیا جس کے باعث سرمایہ کاروں کے حوصلے مزید بلند ہوئے ، دوسرے کاروباری روز بھی انڈیکس میں مارکیٹ 240 پوائنٹس اضافہ سے 34 ہزار 421 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی۔

تیسرے روز کے دوران بھی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی، 100 انڈیکس 485.27 پوائنٹس بڑھ گیا تھا جس کے بعد 34907.19 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا تھا۔

چوتھے کاروباری روز کے دوران اُتار چڑھاؤ دیکھنے کو ملا تاہم حصص مارکیٹ کا اختتام 88.77 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 34978.18 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

پانچویں کاروباری روز کے دوران مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھر تیزی ملی، اُتار چڑھاؤ کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر دیکھنے کو ملا جس کے بعد انڈیکس 73.20 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 35 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرتے ہوئے 35051.38 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا تھا۔
 

Advertisement