سٹاک مارکیٹ: تیزی کو بریک لگ گئی، انڈیکس میں 66.19 پوائنٹس کی مندی

Last Updated On 15 July,2020 04:18 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلسل 13 روز تیزی کی طرف جانے والی پاکستان سٹاک مارکیٹ کو بریک لگ گئی، رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران 100 انڈیکس 66.19 پوائنٹس گر گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ 13 کاروباری سیشنز کے دوران مسلسل تیزی دیکھنے کو مل رہی ہے، سرمایہ کاروں کو ملنے والی سہولیات، آئی ایم ایف سمیت عالمی اداروں کی طرف سے ملنے والی امداد، نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم میں بھی آسانیاں، سٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے سرمایہ کاروں کے لیے شرح سود میں کمی کے بعد زبردست ٹریڈنگ کا تسلسل چل رہا تھا۔

تاہم رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران مندی نے ڈیرے ڈال لیے ہیں، آج کاروبار کا آغاز ہی غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے ہوا جس کی وجہ سے پہلے ڈیڑھ گھنٹے کے دوران انڈیکس میں 19.08 پوائنٹس کی تنزلی دیکھی گئی اور انڈیکس 36726.14 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا تھا۔

پورے کاروباری روز کے دوران اُتار چڑھاؤ کے بعد حصص مارکیٹ میں 100 انڈیکس کا اختتام 66.19 پوائنٹس کی مندی پر ہوا جس کے بعد انڈیکس 36679.03 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

کاروبار میں 0.18 فیصد کا کاروبار ریکارڈ کیا گیا جبکہ 22 کروڑ 75 لاکھ 79 ہزار 514 شیئرز کا لین دین ہوا جبکہ مارکیٹ ویلیو 11 کھرب 41 ارب 12 کروڑ 15 لاکھ 9 ہزار 477 روپے ہو گئی ہے۔

یاد رہے کہ کاروباری ہفتے کے پہلے روز کے دوران 100 انڈیکس میں 428.17 پوائنٹس کی تیزی دیکھنے کو ملی تھی جسکے بعد انڈیکس 36 ہزار 618.57 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوئی تھی۔

رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران مسلسل 13 ویں کاروباری سیشنز کے دوران بھی 126.65 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی۔