اسلام ٓباد: (دنیا نیوز) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی طرف سے کشمیریوں پر وحشیانہ مظالم بند کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے یہ بات بدھ کے روز اسلام آباد میں قطری سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن بن فیصل الثانی سے ملاقات میں کہی۔ ڈاکٹر عارف علوی نے قطر کے سفیر کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے کشمیریوں پر جاری وحشیانہ مظالم کو آگاہ کیا۔
انہوں نے قطر پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ وادی میں مسلمانوں کے خلاف جبر و تشدد کا نوٹس لے کیونکہ کشمیر کی صورتحال علاقائی امن و سلامتی کے لئے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔ انہوں نے قطر کو پاکستان میں ابھرتے ہوئے سرمایہ کاری مواقع سے کرنے کی دعوت دی۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور موجودہ تعلقات کو فعال سیاسی اور معاشی شراکت داری میں بدلنا چاہتا ہے۔
انہوں نے سفیر کو آگاہ کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں جنہیں ان کے باہمی فائدے کے لئے بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔
صدر نے افغان امن مذاکرات کی میزبانی میں قطر کے کردار کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ معاہدے کے تمام فریق اپنی ذمہ داریاں پوری کرینگے اور افغانستان میں قیام امن کے خواب کو حقیقت کا روپ دیں گے۔ انہوں نے افغانستان میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔