اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے صنعت حماد اظہر نے کہا ہے کہ سٹیل ملز جیسے بڑے قومی اداروں کے لیے بڑے فیصلے کرنا ہوں گے، ورنہ معیشت کوناقابل تلافی نقصانات کا سلسلہ جاری رہے گا۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے سٹیل ملز کے معاملے پر کمیٹی کو بریفنگ دی۔ ان کا کہنا تھا کہ کرنل افضل نے سٹیل ملز کیلئے بڑے اہم فیصلے کئے۔ سال 2009ء میں سٹیل ملز خسارے میں چلی گئی۔ عالمی منڈی میں سٹیل کی قیمتیں کم ہونے کی وجہ اسے خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ چار ہزار سٹیل ملز ملازمین کو 2010ء میں مستقل کر دیا گیا جس کی وجہ سے بھی اسے خسارہ ہوا۔ کچھ سٹیل ملز ملازمین کو 20 لاکھ روپے سے زائد بھی دے رہے ہیں۔
حماد اظہر نے کہا کہ 2015ء میں سٹیل ملز کو بند ہی کر دیا گیا۔ سٹیل ملز کا خسارہ 205 ارب روپے سے زائد ہے۔ سٹیل ملز کا سامان بھی بہت زیادہ چوری ہوا ہے۔