اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کورونا وائرس کی وبا کے دوران روزگار کے تحفظ کیلئے سٹیٹ بینک کی سکیم کے تحت اب تک 12 لاکھ، 14 ہزار، 619 ملازمین کے روزگار کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔
سٹیٹ بینک نے کورونا وائرکے باعث پیدا ہونے والی معاشی مشکلات اور بے روزگاری روکنے کے لیے یہ سکیم متعارف کرائی ہے۔ سکیم کے تحت کاروباری ادارے مستقل، کنٹریکٹ اور دہاڑی دار سمیت ہر قسم کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے سستے قرضے حاصل کر سکتے ہیں۔
سکیم کے تحت اپریل 2020ء سے جون 2020ء کے دوران اپنے ملازمین کو برطرف نہ کرنے والے ادارے ملازمین کی تین ماہ کی تنخواہوں کے لیے 5 فیصد شرح سود پر قرض حاصل کر سکتے ہیں۔ فعال ٹیکس گزاروں کی فہرست میں شامل ادارے 4 فیصد کی شرح پر قرضہ لے سکیں گے۔
سکیم میں ان چھوٹے کاروباری اداروں کو ترجیح دی جا رہی ہے جن کاروباری اداروں کی تین ماہ کی اجرتوں اور تنخواہوں کا خرچ 20 کروڑ روپے تک ہے، وہ اس پوری رقم کی فنانسنگ حاصل کر سکیں گے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق تین جولائی تک اس سکیم کے تحت 2684 کاروباری اداروں اورکمپنیوں نے 14 لاکھ، 35 ہزار، 797 ملازمین کے روزگار کے تحفظ کیلئے ایک کھرب 49 ارب 53 کروڑ روپے سے زائد کے قرضہ کیلئے درخواستیں دائر کیں۔
اعدادوشمار کے مطابق سٹیٹ بینک نے ان میں سے 1980 اداروں اور کمپنیوں کی جانب سے ایک کھرب، 23 ارب 56 کروڑ، 50 لاکھ روپے تک کے قرضہ درخواستوں کی منظوری دی اور یوں 10 لاکھ، 44 ہزار ملازمین کے روزگار کو تحفظ فراہم کیا گیا۔