اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیپرا نے آٹھ ماہ کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ سنا دیا۔ بجلی کی قیمتوں میں پانچ ماہ کے لیے اضافہ اور تین ماہ کے لیے کمی کی منظوری دے دی گئی۔ عوام کو مجموعی طور پر 4 ارب 46 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا۔
بجلی صارفین کے لیے اچھی خبر، فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 4 ارب 46 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا۔ نیپرا نے نومبر 2019 سے جون 2020 تک آٹھ ماہ کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹس کی درخواستوں پرسماعت کی۔
سماعت کے بعد بجلی کی قیمتوں میں پانچ ماہ کے لیے اضافہ اور تین ماہ کے لیے کمی کی منظوری دے دی گئی۔ نیپرا نے نومبر، دسمبر 2019 اور جنوری، فروری اور مارچ 2020 کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافہ جبکہ اپریل مئی اور جون 2020 کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی سستی کی۔ نیپرا کے فیصلے کا اطلاق کے الیکڑک، لائف لائن اور زرعی صارفین پر نہیں ہوگا۔