لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران غیر یقینی صورتحال کے باعث 246.96 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں رواں ہفتے کے دوران سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کے باعث اُتار چڑھاؤ دیکھنے کو ملا، رواں ہفتے کے پہلے تین کاروباری روز کے دوران تیزی میں جانے والی حصص مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام مندی پر ہوا۔ ٓجن کا تسلسل آخری دو کاروباری روز کے دوران بھی دیکھنے کو ملا۔
رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران کاروبار کا آغاز ہی مندی سے ہوا، پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں شدید مندی ریکارڈ کی گئی، ایک موقع پر انڈیکس 39240 پوائنٹس کی نچلی ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔
تاہم کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 246.96 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد 100 انڈیکس 39 ہزار 621 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.62 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی اور سرمایہ کاروں کو 60 ارب روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔