اسلام آباد: (دنیا نیوز) سی پیک اتھارٹی کے حکام نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے سازگار پالیسیوں کے ذریعے سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
پاک چین اقتصادی راہداری حکام نے کہا ہے کہ ایک خطہ ایک شاہراہ منصوبہ موجودہ صدی کی تقدیر بدل دے گا جس میں چین پاکستان اقتصادی راہداری ایک اہم منصوبہ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے ملک میں توانائی کے شدید بحران پرقابو پانے میں مددملی ہے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کو یقینی بنانے کے لئے بجلی کی بلاتعطل فراہمی ضروری ہے۔ رشکئی خصوصی اقصادی زون سی پیک کے تحت قائم کیاجانے والا اقتصادی زون ہوگا۔
خیال رہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) خوش اسلوبی سے تکمیل کی راہ پر گامزن ہے۔ حکومت متعلقہ تمام امور کو نمٹانے کے لئے پْر عزم ہے۔
سی پیک اتھارٹی حکام کے مطابق حکومتِ پاکستان سی پیک منصوبہ سے متعلق تمام امور کو خوش اسلوبی سے نمٹا رہی ہے اور اس کی تکمیل کی راہ میں حائل مسائل و رکاوٹوں پر قابو پایا لیا گیا ہے جس کے سبب میگا پراجیکٹ کامیابی کی راہ پر گامزن ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی بہترین حکمت عملی دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان قربتیں بڑھانے،ثقافتی تبادلوں کے پروگرامات اور سیاحت کو فروغ دینے سے مشروط ہے۔