لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران ملک میں جاری سیاسی اثرات کے باعث 606 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے دوران زیادہ تر مندی کے ڈیرے رہے، ملک میں جاری سیاسی گہما گہمی کے اثرات کے باعث ملک بھر میں انویسٹرز نے سرمایہ کاری سے ہاتھ روکے رکھا اور دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی کو ترجیح دی۔
ایک موقع پر انڈیکس 39905.66 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔ حصص مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام 606.09 پوائنٹس کی گراوٹ کے بعد 40070.83 پوائنٹس کی سطح پر ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.49 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی اور 25 کروڑ 57 لاکھ 97 ہزار 723 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کے 90 ارب روپے سے زائد ڈوب گئے۔