لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران غیر یقینی صورتحال کے باعث ایک مرتبہ پھر 75.80 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ملکی فضا پر چھائی غیر یقینی سیاسی صورتحال کے باعث انویسٹرز پیسے لگانے سے گریزاں ہیں جبکہ دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔
رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران ایک مرتبہ پر انڈیکس 40533.67 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا تاہم کاروبار کے اختتام پر غیر یقینی صورتحال کے باعث سٹاک مارکیٹ میں 75.80 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد 100 انڈیکس 40068.49 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.19 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی جبکہ 21 کروڑ 19 لاکھ 30 ہزار 940 شیئرز کا لین دین ہوا، مندی کے باعث سرمایہ کاروں کو دس ارب کے قریب نقصان برداشت کرنا پڑا۔