اسلام آباد: (دنیا نیوز) ستمبر کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے 36 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے، نیپرا درخواست پر کل سماعت کرے گا۔
بجلی صارفین کے لئے بُری خبر، سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے ستمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست نیپرا میں دائرکررکھی ہے، سی پی پی اے کے مطابق ستمبر کے لیے ریفرنس فیول لاگت 2 روپے 84 پیسے فی یونٹ رہی۔ ستمبر میں پانی سے 37.18 فیصد بجلی پیدا کی گئی، کوئلے سے 17.42 فیصد اور فرنس آئل سے 5.82 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔
اسی طرح مقامی گیس سے 10.10 فیصد جبکہ درآمدی ایل این جی سے 21.40 فیصد بجلی پیدا کی گئی ہے، ستمبر میں ہوا سے 1.34 فیصد اور ایٹمی ذرائع سے 5.17 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔