کورونا اور لاک ڈاؤن کے اثرات: سٹاک مارکیٹ میں 775.82 پوائنٹس کی بڑی مندی

Published On 02 November,2020 04:28 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث 775.82 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی۔ سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران غیر یقینی صورتحال چھائی ہوئی ہے، کورونا وائرس کی ملک میں دوسری بڑی لہر کی آمد اور مسلسل بڑھتے کیسز، مختلف علاقوں میں لاک ڈاؤن اور غیر یقینی صورتحال کے باعث سرمایہ کار شیئرز کے فروخت کو ترجیح دے رہے ہیں۔ جس کے باعث مندی نے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔

رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران کاروبار کے آغاز کے موقع پر ہی بڑی مندی دیکھی گئی، پہلے ہی گھنٹے کے دوران انڈیکس میں 1 ہزار پوائنٹس کی گراوٹ دیکھی گئی، ایک موقع پر انڈیکس 1200 سے زائد پوائنٹس کھو بیٹھا تھا۔ مارکیٹ 39 ہزار کی نفسیاتی حد گنوا بیٹھی تھی۔

تاہم کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 775.82 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 39112.18 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کربند ہوا۔

مندی کے باعث 100 انڈیکس کی 7 حدیں گر گئیں، گرنے والی حدوں میں 39200، 39300، 39400، 39500، 39600، 39700، 39800 کی حدیں شامل ہیں۔

پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں مندی کے باعث 1.94 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی اور 20 کروڑ 56 لاکھ 37 ہزار 393 شیئرز کا لین دین ہوا جس میں زیادہ تر سرمایہ کاروں نے حصص کے فروخت کو ترجیح دی گئی اور سرمایہ کاروں کو 100 ارب روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ غیر یقینی صورتحال کے اثرات آئندہ بھی دیکھے جا سکتے ہیں، تاہم کچھ مثبت خبریں ان اثرات کو زائل کر سکتی ہیں ، اس کے لیے حکومت کو سرمایہ کاروں کا حوصلہ بڑھانا ہو گا۔