اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت خزانہ نے مالی سال کی ماہانہ مالیاتی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق رواں مالی سال جولائی تا اکتوبر معیشت میں بہتری، ڈالر کے مقابلے روپیہ مستحکم، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 15 سال بعد ختم ہو کر مثبت ہوگیا۔
وزارت خزانہ کی ملکی معیشت پر ماہانہ اپ ڈیٹ آوٹ لک رپورٹ کے مطابق ملکی معیشت کے کئی شعبے بہتری کی راہ پر گامزن ہے۔ رواں مالی سالی کے پہلے چار ماہ میں بجٹ خسارہ 484 ارب روپے تک پہنچ گیا۔ کاروباری طبقے، صارفین کا اعتماد بحال، معاشی شرح نمو میں بہتری متوقع ہے۔ ترسیلات زر 26.5 فیصد اضافے سے 9.4 ارب ڈالرتک پہنچ گئیں۔
وزارت خزانہ کی دستاویز کے مطابق مالی سال کے 4 ماہ میں کرنٹ اکاونٹ 1.2 ارب ڈالرسرپلس رہا اور کرنٹ اکاؤنٹ بیلنس جی ڈی پی کا 1.3 فیصد سرپلس رہا۔ برآمدات میں 10.3 فیصد اور درآمدات میں 4 فیصد کمی رہی۔ تجارتی خسارہ 4 فیصد اضافے سے 6.7 ارب ڈالر رہا۔ زرمبادلہ ذخائر 20.55 ارب ڈالرز سے تجاوز کرگئے۔
وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق جولائی سے اکتوبر ٹیکس ریونیو 1340 ارب اور نان ٹیکس ریونیو 356 ارب روپے رہا جبکہ حکومتی اخراجات 1 ہزار 963 ارب روپے رہے۔